سعودی عرب، دہشتگردی کی فنڈنگ کرنیوالے افراد کی فہرست جاری
سعودی عرب نے دہشتگردی کی فنڈنگ کرنیوالے افراد اور اداروں کی نئی فہرست جاری کی ہے جس میں 13 افراد اور 3 اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دہشت گردوں میں سے تین کا تعلق ایران کے پاسداران انقلاب، چار افراد اور ایک ادارے کا تعلق دہشت گرد تنظیم داعش اور 6 افراد کا تعلق دہشت گرد تنظیم بوکو حرام سے ہے۔ نئی فہرست کے اجرا سے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ جی سی سی ممالک اور امریکا کے درمیان دہشت گردی کی فنڈنگ کو روکنے کے حوالے سے مؤثر تعاون برقرار ہے۔
ریاستی سلامتی کے ادارے نے جن تیرہ افراد کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے ان میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ماتحت فیلق القدس سے منسلک اور دہشتگرد تنظیم حزب اللہ سے وابستہ علی قصیر (لبنانی)، مقداد امینی (ایرانی)، مرتضیٰ مینائی ہاشمی (ایرانی)، خراسان میں دہشتگرد تنظیم داعش سے منسلک عصمت اللہ خلوزی (افغانی)، دہشتگرد تنظیم داعش کے رکن علا خنفورۃ (شامی)، متحدہ عرب امارات میں دہشتگرد تنظیم بوکو حرام سے وابستہ اور نائجیریا میں تنظیم کے لیے عطیات اور امداد جمع کرنے والے عبدالرحمٰن ادو موسیٰ (نائجیریا)، صالیحو یوسف ادمو (نائجیریا)، بشیر علی یوسف (نائجیریا)، محمد ابراہیم عیسیٰ (نائجیریا)، ابراہیم علی الحسن (نائجیریا)، سواجوا ابوبکر محمد (نائجیریا)، ایرانی پاسداران انقلاب کے تعاون سے داعش کے سہولت کار القاطر جی کمپنی سے وابستہ برا القاطر جی (شام)، حسام بن رشدی القاطرجی (شام) کے نام ہیں۔
دہشت گرد اداروں میں القاطر جی کمپنی، سرایا الاشتر اور سرایا المختار شامل ہیں جن کا ہیڈ کوارٹر بحرین میں ہے جبکہ انہیں پاسداران انقلاب سے مالی، عسکری اورلاجسٹک مدد مل رہی ہے۔
2017ء میں قائم کیے گئے دہشتگردی کی فنڈنگ کے نگراں مرکز نے اب تک 82 افراد اور اداروں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرایا ہے۔