پنجاب، سندھ شدید گرمی، جہلم پارہ 48، موہنجوداڑو 49 ہونے کا امکان
لاہور : محکمہ موسمیات نے پنجاب اور سندھ میں آج موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کر دی جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز "نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا کہ آج لاہور، بہاولپور، ڈی جی خان میں درجہ حرارت 47، جہلم میں 48تک جانے کا امکان ہے ، صوبے کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
سندھ میں دادو کا درجہ حرارت 48، موہنجوداڑو میں 49کو چھونے کی توقع ہے، بلوچستان میں سبی، نوکنڈی اور تربت میں بھی موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثرعلاقے بھی شدید گرمی کی لیپٹ میں آ گئے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گوادر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37، قلات میں 30 سے 32، جیونی میں 32 سے 34، نوکنڈی میں 40 سے 42، تربت میں 42 سے 44، سبی میں 47 سے 49 سینٹی گریڈ ریکارڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ صوبہ کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم و خشک جبکہ بعد دوپہر گرد آلود اور تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے۔