نئی پابندیاں مسترد،ایران امریکا کیخلاف کھل کر میدان میں آگیا
تہران : ایرا نی صدر حسن روحانی نے امریکا کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پرنئی پابندیوں کو مسترد کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ (وائٹ ہاؤس) کو ایک مرتبہ پھر ذہنی طور پر بیمار قرار دیا۔ ایرانی صدر نے سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پر پابندیاں ناکامی سے دو چار ہوں گی کیونکہ ان کے بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں ہیں۔انہوں نے اعلان کردہ نئی پابندیوں کو امریکی مایوسی سے تشبہی دی۔ان کا کہنا تھا کہ ’وائٹ ہاؤس کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر معذوری کا شکار ہے اور تہران کے بردارشت کو اس کا خوف تصور نہ کیا جائے‘۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور فوجی کمانڈروں پر مالی پابندیوں سے متعلق حکم نامے پر دستخط کیے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر جارحیت کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ امریکا، ایران کے ساتھ تنازع نہیں چاہتا لیکن جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور دہشت گرد گروہوں کی حمایت سے روکنے کے لیے دباؤ ڈالتا رہے گا۔خیال رہے کہ چند روز قبل ایران کی پاسداران انقلاب نے جنوبی ساحلی پٹی پر امریکی جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔پاسداران انقلاب کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کوہ مبارک نامی حصے میں ایرانی فضائیہ نے امریکی ساختہ گلوبل ہاک ڈرون کو ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر نشانہ بنایا تھا۔ دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے تصدیق کی تھی کہ ایرانی فورسز نے نگرانی پر مامور امریکی نیوی کے ڈرون آر کیو-4 گلوبل ہاک مار گرایا ہے، تاہم ان کا اصرار تھا کہ ڈرون کو بین الاقوامی فضائی حدود میں بلاوجہ نشانہ بنایا گیا۔