مریم نواز نے عمران خان کی رہائش گاہ کا نیا نام رکھ دیا
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک تالہ کھلوانے کےلیے پانچ قیراط کا ہیرا مانگا گیا ، رانا ثنااللہ نے لانگ مارچ میں عمران خان کو تاریخی شکست سے دوچار کیا ، اب انقلاب ضمانتیں کروارہا ہے، مدت پوری کرکے ہی الیکشن کی طرف جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے تو رانا ثنااللہ نے لانگ مارچ میں عمران خان کو تاریخی شکست سے دوچار کیا ، اب انقلاب ضمانت لے کر سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہا ہے اور رانا ثناءاللہ راہ دیکھ رہے ہیں یہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں ، جب یہ جھتہ اسلام آباد کا رخ کرے تو ہم انہیں بتا دیں کہ ہم ان کے دباؤ میں آنے والے نہیں ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ بنی گالہ کا نام منی گالہ ہونا چاہیئے جہاں ایک تالہ کھلوانے کے لیے خاتون اول کو پانچ قیراط ہیرا دے دیا گیا ، آپ ہیرے پہنیں ساری انگلیوں میں پہنیں مگر اپنے پیسوں سے عوام کے پیسوں سے نہیں ، ملک ریاض نے پیسے دیے انہیں جوابدہ ہونا چاہیئے ، سوال ان سے کرنا چاہئے جس نے میرٹ کی بجائے پیسے دے کر کام کروانے کا کلچر پرموٹ کیا ،سوال ان سے کیا جائے جس نے پورا صوبہ فرح گوگی کے حوالے کیا۔