افغانستان میں زلزلے سے تباہی‘ 950 افراد موت کے منہ میں چلے گئے
کابل : افغانستان میں 6 اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے سے 950 افراد جاں بحق اور600 سے زائد زخمی ہوگئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی صوبہ پکتیکا میں ہوئی جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ افغانستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے مجموعی طور پر مختلف علاقوں میں زلزلے سے 950 اموات کی تصدیق کی ہے ، زلزلے کی وجہ سے 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا گیا ہے کیوں کہ زلزلے سے کچے مکانات گرگئے اور عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی جب کہ زمین میں دراڑیں پڑگئیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز خوست شہر سے 27 میل دور تھا اوراس کی گہرائی 31 میل تھی ، زلزلے کے جھٹکے افغان دارالحکومت کابل میں بھی محسوس کئے گئے ، جس کے بعد حکام نے امدادی ٹیموں سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے کی اپیل کی ہے۔