عوام جولائی میں بجلی اور سردیوں میں گیس بحران کیلئے تیاررہیں
اسلام آباد : وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ عوام گرمیوں میں بجلی اور سردیوں میں گیس قلت کیلئے تیار ہو جائیں، جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں انہوں نے گفتگو کے دوران خبردار کیاکہ عوام جولائی میں بجلی اور سردیوں میں گیس بحران کیلئے تیار رہیں، حکومت جولائی کیلئے اسپاٹ پر ایل این جی کا انتظام نہیں کرسکی اور اب مہنگی قیمتوں پر بھی سپلائر دستیاب نہیں ہے۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھاکہ دو برس پہلے 4 ڈالر کی ایل این جی مل رہی تھی، مگر گزشتہ حکومت نے یہ موقع ضائع کیا اور طویل مدتی معاہدے نہیں کئے،اور اب 40 ڈالر میں بھی ایل این جی دستیاب نہیں ہے۔ انکا کہنا تھا کہ نجی سیکٹر دو بڑے ایل این جی ٹرمینل لگانا چاہتا تھا مگر گزشتہ حکومت میں کرپشن کے الزامات سامنے آتے رہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ جو سرمایا کار ایل این جی ٹرمینل لگانے کی کوشش کررہے تھے وہ واپس آئیں، مصدق ملک نے کہا کہ ہم فرنس آئل اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار اور بڑھائیں گے، 15 جولائی کے بعد ڈیمز میں پانی سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، اس سے بھی لوڈشیڈنگ کم ہوگی ۔