لاہور:میانوالی کی تحصیل عیسی خیل میں ریسکیو ریلیف آپریشن مکمل
لاہور:میانوالی کی تحصیل عیسی خیل میں ریسکیو ریلیف آپریشن مکمل،ضلع راجن پور کے برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث 21 موضع جات زیر آب، سیلابی علاقے میں پھنسے 500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے ڈائریکٹر جنرل پراونشینل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید نے کہا ہے تیز بارش کے باعث ضلع راجن پور کے پہاڑی علاقوں (کوہ سلیمان ) کے برساتی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے 21 موضع جات زیر آب آئے ہیں،تمام موضع جات میں ریلیف آپریشن جاری ہے،ریلیف آپریشن میں ریسکیو 1122 محکمہ صحت، زراعت، لائیوسٹاک ، سول ڈیفنس،محکمہ مال، سمیت دیگر محکمہ جات اور رضاکاران بھی حصہ لے رہے ہیں۔پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ راجن پور کی جانب تحصیل راجن پور اور تحصیل جام پور میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپس میں کھانے پینے کی اشیاء صحت کی سہولیات سمیت جانوروں کے چارے کی فراہمی کا عمل جاری ہے،متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو ریلیف کیمپس میں منتقل کر دیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر راجن پور سمیت دیگر افسران ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ریلیف آپریشن کے دوران 500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،ضلع راجن پور میں دو کیمپس (حاجی پور اور فاضل پور) میں قائم کئے گئے ہیں،متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور زراعت کے عارضی کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں،جہاں پر ڈاکٹرز، ادویات سمیت دیگر عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہیں،متاثرہ علاقوں میں 175 سے زائد خیموں پر مشتمل خیمہ بستیاں بھی قائم کی گئی ہیں،جہاں 14 خاندان کے 132 افراد رہائش پذیر ہیں،ریلیف کیمپس میں رہائشی افراد/ متاثرہ لوگوں کی ضروریات زندگی کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ میانوالی کی تحصیل عیسی خیل میں ریسکیو ریلیف آپریشن مکمل ہو چکا ہے،متاثرہ لوگ ریلیف کیمپوں سے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تحصیل عیسی کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ریلیف آپریشن میں حصہ لینے والے محکموں کو بروقت ریسکیو آپریشن مکمل کرنے پر شاباش بھی دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔