آصف زرداری کا چوہدری شجاعت کو خط‘ پرویز الٰہی کو سخت پیغام بھجنے کا انکشاف
لاہور : سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو لکھے گئے ایک خط میں پنجاب سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کو سخت پیغام بھجنے کا انکشاف ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت حسین کو لکھے گئے خط میں چوہدری پرویز الہٰی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے عمران خان کا ساتھ نہ چھوڑا تو پھر آپ کی اور میری ذاتی لڑائی ہوگی کیوں کہ میں نے نواز شریف کو چوہدری پرویزالٰہی کی وزارت اعلیٰ پر منایا اور آپ نے میرا شکریہ بھی ادا کیا لیکن پھر آپ مجھے چھوڑ کر عمران خان سے مل گئے لہذا اب عمران خان کے امیدوار کو روکنا میری اخلاقی ذمہ داری ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شریک چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپنے خط میں لکھا کہ چوہدری شجاعت حسین کو عمران خان کے امیدوار کی حمایت نہیں کرنی چاہیئے اور میں چاہتا ہوں کہ پرویزالہی عمران خان کے امیدوار کے طور پر سامنے نہ آئیں لیکن اگر چوہدری پرویز الہٰی نے عمران خان کا ساتھ نہ چھوڑا تو یہ میری اور ان کی ذاتی لڑائی ہوگی کیوں کہ انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا اور بعد میں عمران خان سے مل گئے۔