وقت کی ضرورت پاک بھارت شائقین کو ایک ’صفحے‘ پر لے آئی
لندن: وقت کی ضرورت پاک بھارت شائقین کو ایک ’صفحے‘ پر لے آئی، انگلینڈ سے میچ میں ویرات کوہلی الیون کو سرحد پار سے بھی مکمل سپورٹ حاصل ہوگی۔
وقت پڑنے پر دیرینہ حریف بھی بعض اوقات ایک دوسرے کی حمایت پر مجبور ہوجاتے ہیں، ورلڈ کپ کی موجودہ صورتحال نے بالکل اسی طرح پاکستان اور بھارت کے شائقین کو بھی یکجا کردیا ہے۔ اس وقت گرین شرٹس کو سیمی فائنل کھیلنے کیلیے اپنے باقی میچز میں کامیابی اور انگلش ٹیم کی شکست درکار ہے۔ ایسے میں انگلینڈ کے ہی سابق کپتان اور کمنٹیٹر نے سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ سوال پوچھا کہ30 جون کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں پاکستانی شائقین کس کو سپورٹ کریں گے؟
یہ سوال بڑا ہی دلچسپ تھا، ایک جانب بھارتی ٹیم ہے جو کچھ دن قبل پاکستانی سائیڈ کو بُری طرح زیر کرچکی، دوسری جانب انگلش ٹیم کی جیت گرین شرٹس کے آگے بڑھنے میں رکاوٹ پیدا کرسکتی ہے۔
ان کے اس ٹویٹ نے پاکستانی شائقین کو قبل از وقت ہی اپنا ذہن بنانے میں مدد دی کہ 30 جون کے میچ میں کیا کرنا ہے، ٹویٹر پر اکثریت نے بھارت کو سپورٹ کرنے کا اعلان کیا، اس حوالے سے شائقین کی جانب سے دلچسپ کمنٹس بھی سامنے آئے۔