پاکستان نے تائیوان صورتحال سے متعلق اہم ترین بیان جاری کر دیا
اسلام آباد : پاکستان نے تائیوان صورتحال سے متعلق اہم ترین بیان جاری کر دیا۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔پاکستان کو آبنائے تائیوان میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش ہے جس کے علاقائی امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ دنیا پہلے ہی یوکرین کے تنازعہ کی وجہ سے سلامتی کی ایک نازک صورتحال سے دوچار ہے جس کے بین الاقوامی خوراک اور توانائی کی سلامتی کے لیے منفی مضمرات ہیں۔دنیا ایک ایسے بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی جس کے عالمی امن، سلامتی اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ ریاستوں کے مابین تعلقات باہمی احترام ، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے مسائل کے پرامن حل پر مبنی ہونے چاہئیں۔