آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تازہ جھڑپیں،تین فوجی ہلاک
باکو: آذربائیجان نے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ کی کئی اسٹریٹیجک چوٹیوں پر قبضے کا اعلان کیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تازہ جھڑپوں میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ آذربائیجان نے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ کی کئی اسٹریٹیجک چوٹیوں پر قبضے کا دعوی کیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان نئی کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب آذربائیجان نے کہا کہ اس کا ایک فوجی ہلاک کیا گیا ہے جبکہ کاراباخ فوج نے کہا کہ اس کے دو فوجی مارے گئے اور ایک درجن سے زیادہ زخمی ہوئے۔تاہم بعد ازاں آذربائیجان کی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک آپریشن کیا اور کاراباخ میں کئی اسٹریٹیجک چوٹیوں پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
دونوں ملکوں کی جانب سے جاری کشیدگی کے دوران روس نے آذر بائیجان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا جبکہ یورپی یونین نے دشمنی کے فوری خاتمے پر زور دیا۔