’میری جنسی زندگی اتنی مزیدار نہیں‘تاپسی پنوں کا کرن جوہر پر طنز
ممبئی: بالی ووڈ کے ڈائریکٹر و پروڈیوسر اور معروف ٹی وی شو ’کافی وِد کرن‘ کے میزبان کرن جوہر اکثر پر اقرباءپروری کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ نہ صرف اپنی فلموں میں اقرباءپروری کی بنیاد پر لوگوں کو کام دیتے ہیں بلکہ اپنے ٹی وی شو میں بھی مہمانوں کو مدعو کرنے کے لیے انہوں نے یہی معیار رکھا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے ٹی وی شو میں لوگوں کی جنسی زندگی سے متعلق سوالات کرنے کی وجہ سے بھی انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اب معروف بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنوںبھی کرن جوہر پر تنقید کرنے والوں کی صف میں شامل ہو گئی ہیں۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق بالی ووڈ میں کامیاب کیریئر کے باوجود تاحال تاپسی پنوں کو ’کافی وِد کرن‘ میں مدعو نہیں کیا گیا۔ گزشتہ دنوں اداکارہ سے اس حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کرن جوہر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ”میری جنسی زندگی اتنی مزیدار نہیں ہے۔“
رپورٹ کے مطابق تاپسی پنوں کے اس ذومعنی فقرے کا پس منظر ’کافی وِد کرن‘ میں لوگوں کی جنسی زندگی سے متعلق ہونے والی گفتگو ہے۔ کافی وِد کرن کے جاری سیزن میں کرن جوہر نے نہ صرف وجے دیوراکوندا سے بیک وقت تین لوگوں کے درمیان جنسی تعلق جیسے شرمناک سوال پوچھے ، بلکہ کرینہ کپور سے بچے کی پیدائش کے بعد جنسی تعلق کا معیار بہتر ہونے یا نہ ہونے بارے استفسار کیا۔
تاپسی پنوں اور انوراگ کیشپ اپنی فلم ’دوبارہ‘ کی پرموشن کر رہے تھے جب تاپسی سے یہ سوال پوچھا گیا کہ وہ اب تک کافی وِد کرن میں کیوں نہیں گئیں۔ جس پر انہوں نے مذکورہ پس منظر میں جواب دیا کہ ”میری جنسی زندگی اتنی پرلطف نہیں ہے کہ مجھے کافی وِد کرن میں مدعو کیا جائے۔“