وزیر اعظم شہباز شریف کو نا اہل کرنے کی درخواست خارج
لاہور : لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزراء کی نااہلی کے لیے تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے دوران سماعت اشتہاری ملزمان سے ملاقات پر شہباز شریف اور وزراء کی نااہلی کے لیے دائر درخواست خارج کر دی ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے درخواست گزار کے وکیل اسد منظور بٹ سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کس اختیار کے تحت وزیراعظم کو نااہل کر سکتا ہے۔
جس پر وکیل نے جواب دیا مجھے وقت دے دیں۔ جسٹس شاہد وحید نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کیا وقت دیں،آپ نے چھٹیوں کے دوران کیس کیا،تیاری ہی نہیں کی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے چھٹیوں میں آفس پر زور ڈال کر یہ پٹیشن لگوائی ہے لیکن آپ کو معلوم ہی نہیں کس قانون کے تحت وزیراعظم یا وزرا کو الیکشن کمیشن نااہل کر سکتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل اسد منظور بٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے تھوڑا وقت دے دیں۔
ہم درخواست میں ترمیم کر کے دوبارہ دائر کر دیتے ہیں۔ جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دئیے کہ بہتر ہے آپ درخواست واپس لیکر دوبارہ دائر کریں۔ آپ موکل کو گائیڈ کیے بغیر عدالت میں لے آتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے عندلیب عباس کی جانب سے اپیل واپس لینے کی بنیاد پر درخواست خارج کر دی۔ تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے وزیر اعظم شہباز کی نا اہلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
درخواست میں اشتہاری ملزمان سے ملاقات پر شہباز شریف اور وزراء کو نااہل کرنے کی استدعا کی گئی تھی،عدالت نے آج دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل کی سرزنش کی اور درخواست خارج کر دی ہے۔ ادھر تحریک اںصاف نے شہباز گل پر تشدد کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی ہے۔ تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر اور بابر اعوان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔