پاکستان ریلوے کی ٹرین میں رقص و سرور کی محفل سجائے جانے کا انکشاف
لاہور : پاکستان ریلوے کی ٹرین میں رقص و سرور کی محفل سجائے جانے کا انکشاف، محکمہ ریلوے کی نجی شعبے کی ٹرین میں سجائی گئی ناچ گانے کی محفل کے دوران وہاں بچے اور خواتین بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے ایک نئے تنازعے کا شکار ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی شعبہ کی جانب سے چلائی جانے والی پاکستان ریلوے کی ایک ٹرین میں فیملیز کی موجودگی کے باوجود ناچ گانے کی محفل سجائی گئی۔
چلتی ٹرین میں خواجہ سراوں کے رقص کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے محکمہ ریلوے کے حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ریلوے کی نجی شعبے کی ٹرینوں میں تسلسل کے ساتھ مجرے کروائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
حال ہی میں یوم آزادی کے موقع پر نجی شعبے کے تحت چلنے والی وی آئی پی ٹرین تیز گام میں خواجہ سراوں کی رقص و سرور کی محفل سجائی گئی۔
تیز گام کی ڈائننگ کار میں خواجہ سرا دوران سفر ٹرین انتظامیہ اور مسافروں کے سامنے رقص میں مصروف نظر آئے۔ اس موقع پر ڈائئنگ کار میں خواتین اور بچے بھی موجود تھے تاہم اس بات کا خیال نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تیز گام ٹرین کی ڈائنگ کار میں ڈانس کے واقعے کا نوٹس لے لیا، پرائیویٹ آپریٹر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔
بدھ کے روز وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تیزگام ٹرین کی ڈائننگ کار میں ڈانس کے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا اور کہا کہ ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، اس طرح کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ ٹرین کی کمرشل مینیجمنٹ پرائیویٹ آپریٹر کے پاس ہے جس کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔اگر پرائیویٹ آپریٹر کی طرف سے مناسب جواب نہ تو ان کا لائسنس کیسنل کر دیا جائے گا۔