تمام چیزوں کی درآمد پر پابندی ہٹا رہے ہیں،مفتاح اسماعیل
اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ تمام چیزوں کی درآمد پر پابندی ہٹا رہے ہیں۔ آئی ایم ایف بھی چاہتا ہے ہم امپورٹ پر جلدی پابندی ہٹا لیں،وزیر اعظم نہیں چاہتے کہ لگژری آئٹمز کی درآمدات پر پابندی ختم کی جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 26 ارب روپے مزید ٹیکس لگا رہے ہیں،جبکہ سگریٹ پر بھی ٹیکس لگائیں گے،بہت ساری اشیا پر ٹیکس موخر کر دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کے لیے امپورٹ سے پابندی ہٹانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹ پر پابندی ہٹانے کے بعد کسٹم ڈیوٹیز کاسامنا کرنا ہوگا،لگژری آئٹمز پر زیادہ ڈیوٹی لگا رہے ہیں۔ آئی ایم ایف سے 29 اگست کو بورڈ میٹنگ ہو گی،جبکہ آئی ایم ایف کی جتنی کنڈیشنز تھیں ہم نے پوری کردی ہیں،مشکل وقت میں چین نے ہماری مدد کی۔
ہماری پالیساں کار آمد ثابت ہو رہی ہیں،بڑی گاڑیوں پر ڈیوٹیز لگائیں گے، لیکن پہلے آٹے،چینی،دال کو ترجیح دیں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امپورٹ بھی ہمارے کنٹرول میں ہے،ہم نے امپورٹ پر پابندی عائد کی تھی۔ ہم گندم، کاٹن، دیگر اناج امپورٹ کرتے ہیں،وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے کہ پوری قوم کے لیے اناج مہیا کریں۔ بجلی پر سبسڈی دیں گے اور اسکی ہم فنڈنگ کر رہے ہیں۔ ہم 42 ارب کا ہدف پورا نہیں کرسکے،ری وائز ہدف 27 ارب روپے کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریٹیل ٹیکس ہٹا دیا جائے گا،انکم ٹیکس رہے گا،یکم اکتوبر سے سیلز اور انکم ٹیکس یونٹس بڑھنے پر بڑھتا رہے گا۔ 15بلین گیپ کو پورا کرنے کے لیے 15 ارب سے زیادہ کا ٹیکس لگایا ہے۔ اگست میں برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا اور اگست میں ہی تجارتی خسارے میں کمی ہوئی۔