ریلیف کمشنر اور ڈی جی پی ڈی ایم اےکا وزیر خزانہ پنجاب کے ہمراہ سیلابی علاقوں کا دورہ
لاہور:حکومت پنجاب کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید نے وزیر خزانہ پنجاب محسن لغاری کے ہمراہ راجن پور کی تحصیل جام پور کے سیلابی علاقوں کا دورہ کیا،اس موقع پر سیکرٹری اریگیشن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ریلیف کمشنر پنجاب کی زیرصدارت گورنمنٹ ہائی سکول حاجی پور میں حالیہ سیلابی صورتحال بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،
وزیر خزانہ پنجاب ،ریلیف کمشنر پنجاب اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے حاجی پور میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ بھی کیا اور فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ریلیف کمشنر پنجاب نے سیلاب زدگان سے حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے دریافت کیا۔اس موقع پر سیلاب متاثرین نے ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کا کردار قابل ستائش ہے ،فلڈ ریلیف کیمپوں میں ہمیں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،سیلاب متاثرین نے اداروں کی جانب سے بروقت اور بہترین انتظامات کرنے پر حکومت پنجاب اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ریلیف کمشنر پنجاب نے انتظامی افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے.
انہوں نے کہا کہ رواں سال بارشیں معمول سے بہت زیادہ ہوئی ہیں اسی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وسیع فنڈز جاری کیے ہیں،پانی اترتے ہی آپ کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام ادارے آپ کی خدمت میں پیش پیش ہیں اور پی ڈی ایم اے اور دیگر صوبائی اداروں کی جانب سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن 24/7 جاری ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پراونشینل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلابی ایریاز میں لوگوں کے انخلاء کے لیے اقدامات جاری ہیں اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلابی علاقوں سے لوگوں کو فلڈ ریلیف کیمپس میں شفٹ کیا جا رہا ہے،حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے اور فلڈ ریلیف کیمپس سمیت دیگر مقامات پر رہائش پذیر سیلاب متاثرین میں 03 وقت کے کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے تمام ریلیف کیمپس میں سیلاب متاثرین کو علاج معالجے،لائیوسٹاک کی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے اور پہلے سپیل سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے اعدادوشمار کے لیے سروے بھی جاری ہیں۔