والد کی لاش کو کرسی پر بٹھا کر بیٹاکئی سال پنشن وصول کرتارہا
واشنگٹن: امریکا میں ایک شخص نے اپنے والد کی پنشن اور دیگر مالی سہولیات حاصل کرنے کے لیے ان کی موت کو چھپائے رکھا اور لاش کو گھر میں ہی ایک کرسی پر بٹھا کر رکھا۔بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک گھر سے کرسی پر موجود ایک بوسیدہ لاش ملی ہے، جو کئی سال سے اسی حال میں تھی۔
پولیس کا کہنا تھاکہ گزشتہ ماہ کیلی فورنیا کے علاقے جیکسن میں وفات پانے والے شخص پر شک کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنے والد کی لاش کو گھر پر ہی رکھ لیا تھا، جس کی وجہ ان کے پیسوں کو استعمال کرنا تھا۔کیلاویرس کانٹی کے شیرف گریگ سٹارک کے دفتر کے بیان میں کہا گیا کہ 63 سالہ رینڈیل فریر جو سیرا نیواڈاز کے پہاڑی علاقے میں ایک کاروبار کے مالک تھے، وفات پا گئے۔
شیرف کے ایک نائب ان کے اہل خانہ کو مطلع کرنے کیلی فورنیا کے علاقے ویلاس میں واقع ان کے گھر گئے، جہاں انہوں نے چلتے پنکھے کی آواز سنی اور ایک مردہ شخص کو آرام دہ کرسی پر بیٹھے دیکھا۔لیفٹیننٹ سٹارک کے مطابق جائے وقوعہ پر شواہد ظاہر کرتے ہیں کہ یہ لاش کئی سالوں سے اسی جگہ موجود تھی۔انہوں نے بتایا کہ لاش انتہائی بوسیدہ حالت میں تھی اور اس کے ڈھانچے کے کچھ حصے باقی تھے۔