وزیر اعظم کا بجلی کے زائد بلوں سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے بلوں سے متعلق شکایات پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خرم دستگیر اور احد چیمہ سمیت دیگر اعلٰی حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے بجلی کے زائد بلو ں سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس لے لیا،جبکہ متعلقہ حکام کو بجلی کے بلوں پر فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنی عوام سے ہمیشہ سچ بولنے کے عہد پر قائم ہوں،خادم پاکستان عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی عوام کو جوابدہ ہے،عوام کی شکایات کے ازالے تک چین سے نہ بیٹھوں گا۔ ادھر گزشتہ دنوں وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کیا،اس ضمن میں وزیر اعظم کو زرعی اصلاحات کیلئے مختلف شعبوں کی 8 سب کمیٹیوں کی سفارشات پیش کی گئیں۔
زرعی اصلاحات کے لیے سفارشات میں قلیل، وسط اور طویل مدتی جامع منصوبہ بندی شامل کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرے گی اور کسانوں کو کم لاگت پر بروقت معیاری بیج، کھاد کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ مقامی سطح پر معیاری بیج کی پیداوار کے لیے زرعی تحقیقی اداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔