بجٹ کی منظوری اپوزیشن کی شکست ہے، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجٹ کی منظوری اپوزیشن کی شکست ہے اور اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست ہوگی۔
اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک وقوم کے مفاد میں ہرقدم اٹھائے گی، عوام کی حکومت عوام کے روشن مستقبل کے لئے جرات مندانہ فیصلے کررہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے عوام کی جدوجہد اورقربانی رنگ لائے گی۔ بجٹ کی منظوری اپوزیشن کی شکست ہے۔ اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست ہو گی۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بجٹ خوشحال، خودانحصاراورترقی یافتہ پاکستان کی منزل کی طرف قدم ہے۔ آنے والے ماہ وسال قوم اورملک کو ترقی کی منزل سے ہمکنارکریں گے۔ عوام کی خوشحالی کا نصب العین حاصل کرکے رہیں گے۔