سیلاب زدہ علاقوں میں 50 لاکھ افرادکے بیمار ہو نے کا خدشہ
اسلام آباد : ماہرین صحت نے سیلاب زدہ علاقوں میں 50 لاکھ افراد کے بیمار ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں ڈینگی، ملیریا، خسرہ اور پولیو پھیلنے کے امکانات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ جیو نیوز نے ڈاکٹر رانا محمد صفدر کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ بچوں میں ویکسی نیشن کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ کچھ ہفتوں میں لاکھوں افراد آلودہ پانی اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں سے متاثر ہوں گے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں ٹائیفائیڈ اور ہیضے کی مشترکہ ویکسین ہر شخص کو لگائی جائے۔ فلاحی ادارے الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سیلاب زدگان کے علاج معالجے کے لیے ایک ارب روپے کی دوائیں درکار ہیں،ادویات اور اشیا کی فہرست بنا لی ہے۔
اس کے علاوہ ادویات عطیہ نہ کریں۔ادویات کی فہرست پاکستان ہیلتھ سسٹم فارماسسٹس کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک بھر میں اب تک بارشوں اور سیلاب کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد براہ راست متاثر ہوئے۔ جیو نیوز نے این ڈی ایم اے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ملک بھر میں 10 لاکھ 51 ہزار 570 گھروں کو نقصان پہنچا۔