صارفین کو مہنگی بجلی کا ایک اور جھٹکا،بجلی 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی
اسلام آباد : صارفین کو مہنگی بجلی کے جھٹکے دینے کا سلسلہ نہ رک سکا،سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید مہنگی کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی اکتوبر میں 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ مہنگی ہو گی،نیپرا نے منظوری دے دی،اضافہ 2022۔21 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ فیصلے سے صارفین پر تین ماہ کیلئے 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا مزید بوجھ پڑے گا،نیپرا کے مطابق بجلی صارفین سے اکتوبر کے بلوں پر اضافی وصولیاں کی جائیں گی۔
اتھارٹی اعداد و شمار کا جائزہ لیکر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا کے بجلی صارفین سے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی پر حکم امتناع جاری کیا، عدالت میں بجلی بلوں پر صارفین سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی کے بارے درخواست پر سماعت ہوئی،مقامی شہری نے عدالت میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وصولی کو چیلنج کیا اورشاہد قیوم خٹک ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔