سونم کپور اور ان کے شوہر کی پریم کہانی کیسے شروع ہوئی؟ جان کر آپ فلمی کہانیوں کو بھول جائیں گے

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور گزشتہ سال مئی میں نئی دہلی کے کاروباری شخص آنند آہوجا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ اب شادی کی پہلی سالگرہ منانے کے بعد سونم کپور نے آنند آہوجا سے ملاقات اور محبت کی کہانی بیان کر دی ہے جو ایسی حیران کن ہے کہ سن کر ’جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں‘ والی کہاوت پر یقین آ جائے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سونم نے بتایا ہے کہ ”میں سنگل تھی اور میرے دوست مجھے کسی کے ساتھ رشتے میں دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ شخص آنند آہوجا کا دوست تھا جس کے ساتھ میرے دوست چاہتے تھے کہ میں محبت کا رشتہ قائم کر لوں۔ ایک بار میرے دوست مجھے دھوکے سے تاج ہوٹل کی بار میں لے گئے۔ وہاں پہنچ کر مجھے پتا چلا کہ میرے دوستوں نے آنند آہوجا اور ان کے اس دوست کو بھی مدعو کر رکھا تھا۔“سونم نے اپنی محبت کی کہانی سناتے ہوئے مزید بتایا کہ”یہ 2015ءکی بات تھی جب میں اپنی فلم ’پریم رتن دھن پائیو‘ کی پروموشن میں مصروف تھی۔ جب میں نے وہاں بار میں آنند اور ان کے دوست کودیکھا تو میں اپنے دوستوں پر برہم ہوئی اور ان سے کہا کہ مجھے کسی سے ڈیٹ کرنا یا شادی کرنا بالکل پسند نہیں اور میں ان احمقانہ باتوں پر یقین بھی نہیں رکھتی۔ میں نے وہاں آنند اور اس کے دوست کو پہلی بار دیکھا۔ آنند کا دوست لمبے قد کا پرکشش نوجوان تھا، اسے بھی میری طرح کتابیں پڑھنا پسند تھا اور وہ ہندی فلموںکا بھی بہت بڑا شائق تھا۔ وہ تعلیم یافتہ اور عمدہ نوجوان تھا۔ تاہم مجھے اس میں یا آنند میں کوئی دلچسپی نہ تھی اور بات اسی ملاقات پر ختم ہو گئی۔“سونم نے مزید بتایا کہ” پھر ایک روز مجھے فیس بک پر آنند کی فرینڈ ریکوئسٹ موصول ہوئی، ساتھ ہی اس نے ایک میسج بھی کیا جس میں اس نے لکھا کہ ”تم ابھی سنگل ہو؟ کیونکہ میرا وہ دوست بھی اب تک سنگل ہے اور لندن میں ہوتا ہے، اگر تم کبھی لندن جاﺅ تو اس سے رابطہ کرنا۔“یہ آدھی رات کا وقت تھا جب مجھے آنند کا یہ میسج ملا۔ میں نے اسے جواب میں لکھا کہ ”پہلی بات یہ کہ تم نے اتنی رات گئے مجھے میسج کیوں کیا۔ میری زندگی کسی سکول ٹیچر جیسی ہے۔ میں رات کو جلدی سوتی اور صبح جلدی اٹھتی ہوں۔ آئندہ اتنی رات گئے مجھے تنگ مت کرنا۔ اور دوسری بات کہ اگر تمہارے دوست کو مجھ میں دلچسپی ہے تو اسے خود مجھے میسج کرنا چاہیے، تم کیوں میسج کر رہے ہو؟ یہ وہ پہلی گفتگو تھی جو میری اور آنند کی ہوئی اور اس کے بعد گفتگو ایسی شروع ہوئی کہ کب محبت میں تبدیل ہو گئی، ہمیں کچھ پتا ہی نہیں چلا۔ وہ مجھے اپنے دوست کے ساتھ ملانا چاہتا تھا لیکن خود میری زندگی میں آ گیا۔“

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے