سعودی عرب سے امدادی سامان سے بھرے طیاروں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری
لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے سعودی عرب سے امدادی سامان سے بھرے طیاروں کی خصوصی پروازیں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹرکی طرف سے 30 ٹن امدادی سامان لے کر آٹھواں خصوصی طیارہ کراچی پہنچا جو کراچی میں ڈائریکٹر KSrelief پاکستان نے وصول کیا اور امدادی سامان NDMA کے نمائندے کے حوالے کیا۔ طیارے میں غذائی اور غیر غذائی اشیاء کے علاوہ کھجوریں، کمبل اور خیمے شامل ہیں جو کہ حکومت کے تعاون سے پاکستان کے متعدد علاقوں میں ہر علاقے کی ضروریات کے مطابق متاثرہ افراد میں تقسیم کی جا رہی ہیں ۔جس سے ہزاروں سیلاب ذدگان مستفید ہورہے ہیں آٹھ طیاروں کے ذریعے اب تک پاکستان میں 360 ٹن امدادی اشیاء پاکستان پہنچائی گئی ہیں جبکہ مجموعی طور پر دس طیاروں کے ذریعے 420 ٹن امدادی اشیاء متاثرین سیلاب کے لیے پہنچائی جانے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے رضا کاروں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مقامی سول انتظامیہ کے تعاون سے بے گھر افراد میں راشن خیمے کمبل اور دیگر اشیاء تقسیم کیں اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور کثیر تعداد میں افراد سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوئے ہیں۔
سعودی حکومت کی طرف سے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر سیلاب سے شدید متاثرہ دور دراز کے علاقوں تک پہنچ کر امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔