پنجاب حکومت عمران خان کے لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنے گی
لاہور : صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت عمران خان کے لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہیں تو پنجاب حکومت اس کا حصہ نہیں بنے گی۔لانگ مارچ کے شرکاء کو پنجاب حکومت کی جانب سے سہولیات فراہم کرنے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دیکھیں سہولیات نہیں دی جائیں گی۔
ہم سرکاری وسائل استعمال نہیں کریں گے۔کیونکہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے، حکومت کو اس کا حصہ نہیں بننا چاہیئے۔وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ اگر بطور ہوم منسٹر آپ مجھ سے پوچھتے ہیں تو ہمارا کام یہ ہوگا کہ جتنے لوگ بھی لانگ مارچ کے لیے نکلیں گے ہم انہیں سیکیورٹی مہیا کریں گے۔
ایک جم غفیر ہو گا تو اس میں لوگوں کو سیکیورٹی دینا بہت ضروری ہے۔
تمام سڑکیں جام ہو جائیں گی تو ہم نے زندگی کے دیگر معاملات بھی چلانے ہیں۔اشیاء کی آمدورفت کو دیکھنا ہے۔ہم تو ان سارے معاملات میں مصروف ہوں گے۔ایک سیاسی کارکن کے طور پر ہم پنجاب حکومت سے کسی قسم کی مدد نہیں لیں گے۔نہ ہم پولیس سے کہیں گے کہ وہ جا کر کنٹینر اٹھائیں۔نہ ہم پولیس کو کہیں گے کہ وہ آگے جاکر اسلام آباد پولیس سے لڑے۔ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں اور ہم ایسا کوئی کام نہیں کریں گے۔