عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پرنور تقریبات

عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پرنور تقریبات

تحریر: حامد جاوید اعوان

خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم پیدائش کے موقع پر جشن عید میلادالنبی تزک و احتشام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منانے کے لیے ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ زور شور کے ساتھ جاری ہے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روشناس کرانے اور احدیث مبارکہ کی روشنی میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اقوال و ارشادات کو عملی زندگی کا حصہ بنانے کے لیے درود پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ذکر و اذکار کی تقریبات جاری وساری ہیں جن میں عاشقان رسول بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایات پر پنجاب بھر میں عشرہ شان رحمت اللعالمین سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا گیا جس کے تحت صوبہ بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں اور ان تقریبات میں شرکاء آقائے نامدار حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ والہانہ عقیدت کا اظہار اپنے اپنے انداز میں کر رہے ہیں عشرہ شان رحمت العالمین کے سلسلہ میں طلبہ و طالبات کے مابین سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم نعت خوانی تقریری مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں پنجاب بھر کی آرٹس کونسلوں میں خطاطی اور محفل سماع کا سلسلہ جاری ہے

مساجد گلیوں بازاروں عمارتوں چوراہوں اور اہم مقامات کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجایا گیا ہے اہم سرکاری عمارات پر چراغاں کیا گیا ہے اور سرکاری محکموں میں بھی نعت خونی اورسیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوعات پر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں ان تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ ہمارا دین اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک ہردل حب رسول سے سرشارنہ ہو انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالنے کے لیے ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے کیونکہ اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہماری اخروی نجات کا ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ عشرہ شان رحمت اللعالمین منانے کا مقصد یہ ہے کہ ہر سطح پر تقریبات منعقد کرکے دلوں کو ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے منور کیا جائے عشرہ شان رحمت کے موقع پر پنجاب پولیس کی طرف سے بھی امن قائم رکھنے سیکیورٹی اور 12 ربیع الاول کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس کے راستوں پر کلوز سرکٹ کیمروں سے مانیٹرنگ اور شہریوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ضلعی سطح پر قائم علمائے کرام پر مشتمل امن کمیٹیاں بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہیں حکومت پنجاب کی طرف سے ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کو اپنے علاقوں میں عشرہ شان رحمت اللعالمین مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کے لیے ممکنہ سہولیات کی فراہمی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام مشائخ عظام کی طرف سے بھی عید میلاد النبی کے موقع پر باہمی افہام و تفہیم سے مذہبی رواداری اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کا پیغام عام کیا جا رہا ہے اس حوالے سے اخبارات میں خصوصی ایڈیشنز شائع کیے جا رہے ہیں اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کی مناسبت سے پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں
پنجاب بھر میں اس وقت عشرہ شان رحمت اللعالمین کی تقریبات اپنے نقطہ عروج پر ہیں اور عوام تقریبات میں شریک ہوکر سرکار دو عالم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنی عقیدتوں اور محبتوں کے نذرانے نچھاور کر رہے ہیں

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے