آرمی چیف کی تقرری پر چوہدری شجاعت کا وزیر اعظم کو مشورہ
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ جیو نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ چوہدری شجاعت نے وزیراعظم شہباز شریف کو آرمی چیف کی تقرری پر مشورہ دیا اور کہا کہ یہ حساس اور قومی ذمہ داری والا معاملہ ہے،کسی کی نہ سنیں اور آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔
چوہدری شجاعت کے مشورے پر وزیراعظم نے کہا کہ بالکل ایسا ہی ہوگا چوہدری صاحب،وزیراعظم نے چوہدری شجاعت سے ان کی صحت کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔چوہدری شجاعت نے وزیراعظم شہباز شریف سے مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کیا اور مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ مہنگائی کم کردیں،میری صحت مزید بہتر ہوجائے گی۔
چوہدری شجاعت کے جواب پر وزیراعظم نے کہا کہ اسحاق ڈار نے آ کر ڈالرکی قیمت کم کردی،اب مہنگائی کم کرنے پرتوجہ ہے۔
اس پر مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں مگر عوام کو ریلیف دیں،تیل کی قیمتوں میں کمی لائیں اور کھانے پینے کی اشیاء کے نرخ کم کریں۔ ذرائع کے حوالہ سے مزید رپورٹ کیا گیا کہ چوہدری شجاعت کے صاحبزادے چوہدری سالک وزیراعظم کے ہمراہ اگلے ماہ چین بھی جائیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
۔ملاقات میں ملک کی سیاسی و مجموعی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت کی تمام اتحادی جماعتیں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے یکجا ہو کر کام کرتی رہیں گی۔ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر مشکل حالات میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،چوہدری سالک حسین اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی ملک احمد اور عطاء اللّٰہ تارڑ بھی موجود تھے۔