آئی ایم ایف کا حکومت کو سبسڈی دینے کی بجائے وسائل کے استعمال کا مشورہ
نیو یارک : عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت کو سبسڈی دینے کی بجائے وسائل کے استعمال کا مشورہ دے دیا۔ ہم نیوز کے مطابق آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مڈل ایسٹ و سینٹرل ایشیا جہاد آزور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے اور آئی ایم ایف پاکستان کو اس مشکل میں سپورٹ کرتا ہے جبکہ اس سلسلے میں آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ توسیعی پروگرام سے پاکستان کو کووڈ کے بعد سے پیدا صورت حال سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور حال ہی میں پاکستان کا پروگرام ریویو ہوا جس میں 12 ارب ڈالر کی رقم دی گئی، امید ہے نومبر میں اگلے ریویو کی تیاری مکمل ہو جائے گی جب کہ ورلڈ بینک اور یو این ڈی پی کی جائزہ رپورٹ میں پاکستان کی معاشی و اقتصادی صورتحال کا پتہ چلے گا۔
آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مڈل ایسٹ و سینٹرل ایشیا نے کہا کہ جائزہ کے بعد پتہ چلے گا کہ پاکستان کی مدد کیسے کی جا سکتی ہے، اشیا پر سبسڈی دینا کبھی مددگار ثابت نہیں ہوتا اور اشیا پر سبسڈی دینا رجعت پسندی ہے۔