ایران آگ سے کھیلنے کی کوشش میں اپنا نقصان ہی کرے گا، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ آگ سے کھیلنے کی کوشش میں اپنا نقصان ہی کرے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے ایران کی طرف سے بین الاقوامی جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر ایک مرتبہ پھر تہران حکومت کو خطرناک نتائج کے لیے تیار رہنے پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران حد سے تجاوز کرے تو نقصان اُٹھائے گا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ بڑھانے کی پالیسی جاری رکھی جائے گی، ایران آگ کے ساتھ کھیل رہا ہے، ایران کو مشرق وسطیٰ کا امن برباد نہیں کرنے دیں گے۔
قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ انہوں نے کم افزودہ یورینیئم کی پیداوار تین سو کلوگرام سے بڑھا دی ہے حالاںکہ ایران کو زیادہ سے زیادہ 300 کلوگرام افزودہ یورینیئم رکھنے کی اجازت تھی جس پر یورپی یونین نے بھی ایران سے جوہری معاہدے کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔