سلیکٹڈ وزیراعظم اپنی ناکام پالیسیوں سے بوکھلا چکے ہیں، شہباز شریف
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اپنی ناکام پالیسیوں سے بوکھلا چکے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کی پارلیمانی ایڈوائزر ی گروپ کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی قیادت کو رانا ثنا اللہ کی گرفتاری اور عدالت پیشی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی گئی۔
صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو رانا ثناء اللہ کے اہلخانہ سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی اور ان کی سیاسی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ نہ صرف مسلم لیگ (ن) بلکہ پاکستان کی سیاست کا اثاثہ ہیں، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ہر لحاظ سے تحفظ دیں گے، سلیکٹڈ وزیراعظم اپنی ناکام پالیسیوں سے بوکھلا چکے ہیں، وزیراعظم اپوزیشن سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ ہمارے ہوتے ہوئے ایوان میں آنے سے گھبراتے ہیں۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت اور کچھ ادارے مزید گرفتاریوں کا پلان بنارہے ہیں، رانا ثنا اللہ کو منشیات کے مقدمہ میں گرفتاری سے سلیکٹڈ وزیراعظم کی ہی عوام میں لعن طعن ہورہی ہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، بجٹ اور مہنگائی جیسے عوامی ایشو سے عوام کی توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کی گرفتاری بدترین ظلم ہے، عمران نیازی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، رانا ثنااللہ کے خلاف ہیروئن کا جھوٹا الزام لگایا گیا، عمران خان نے 11ماہ میں ملکی معشیت کو تباہ کردیا ہے، عوام دشمن بجٹ کے باعث پورے ملک میں ہڑتالیں ہورہی ہیں، کسانوں اورعوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔