’سعودی ولی عہد آئل ریفائنری کا منصوبہ لے کر پاکستان آ رہے ہیں‘
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 12 ارب ڈالر کی آئل ریفائنری کا منصوبہ لے کر پاکستان آ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس سروس آف پاکستان کے 48 ویں ایس ٹی پی بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سالوں سے الماریوں میں دفن کئی منصوبوں پر سعودی وفد اور ولی عہد محمد بن سلمان سے معافی مانگی کیوں کہ حال ہی میں سعودی عرب سے سعودی ڈویلمپنٹ فنڈ کا ایک وفد پاکستان آیا، ملاقات میں انہوں نے پلندہ کھول دیا کہ یہ منصوبہ ہم نے 8 سال پہلے دیا تھا، یہ 6 سال پہلے دیا تھا، ان میں ایک منصوبہ ہسپتال کا بھی تھا جو بطور تحفہ دیا تھا لیکن اس پر جوں تک نہ رینگی، باقی منصوبے بہت ہی نرم شرائط پر تھے لیکن وہ منصوبے الماری میں پڑے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں نے سعودی وفد کو اچھے طریقے سے سمجھایا اور اپنی ٹیم کے سامنے سعودی وفد سے معافی مانگی اور ان سے دو روز کا ٹائم لیا، وہ رکے اور دو دن بعد دوبارہ آئے تو منصوبوں کی ہر چیز مکمل تھی، کئی سالوں کا پلندہ جو گرد آلود تھا صرف 48 گھنٹے میں اس کی اپروول ہو گئی، یہ ہے وہ طریقہ جس سے قومیں آگے بڑھتی ہیں، اس رویے سے سعودی ٹیم بھی بے حد متاثر ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے حالیہ دورے پر بھی اس معاملے پر بات ہوئی تو اس پر میں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی معافی مانگی کیوں کہ اگر ہسپتال اور دیگر منصوبے بن جاتے تو اس سے ہمارے پاکستانیوں کا ہی فائدہ ہوتا، سعودی ولی عہد جو اب مملکت کے وزیراعظم بھی ہیں بہت جلد پاکستان تشریف لانے والے ہیں اور پاکستان کے لیے 12 ارب ڈالر کی آئل ریفائنری کا منصوبہ لے کر آئیں گے، یہ منصوبہ وہ 2019 میں لی کر آئے تھے لیکن اس پر کوئی پیشرفت نہ ہو سکی تھی، سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستانی ہمارے بھائی ہیں اور میں پاکستانیوں کے لیے ہر چیز کرنے کے لیے تیار ہوں۔