ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر معاون اطلاعات خیبر پختونخوابھی بول پڑے
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا حکومت کے معاون اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے حوالے سے تھریٹ الرٹ سی ٹی ڈی نے جاری کیا تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ویڈیو بیان میں معاون اطلاعت بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ارشد شریف کے حوالے سے تھریٹ الرٹس جاری کرانے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کوئی کردار نہیں ہوتا، محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے بیانات کے مطابق انہیں اور ان کے خاندان کو دھمکیاں مل رہی تھیں تھریٹ الرٹ میں بھی یہ ہی بات تھی،محمد علی سیف نے کہا کہ تھریٹ الرٹ غلط ہوتا تو ارشد شریف کینیا میں نہ مارے جاتے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ اہم سیاسی، سماجی شخصیات اور سینیئر صحافیوں کو رابطہ کرنے پر پروٹوکول دیا جاتا ہے اسی طرح ارشد شریف کو بھی پروٹوکول دیا گیا،واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کے پی کے حکومت کی جانب سے ارشد شریف کے حوالے سے جاری ہونے والے تھریٹ الرٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی خاص ہدایت پر 5 اگست کو تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس تھریٹ الرٹ سے سیکیورٹی اداروں سےکوئی معلومات شیئر نہیں کی گئیں، اس سےظاہر ہوتا ہے کہ تھریٹ الرٹ مخصوص سوچ کے تحت جاری کیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت نے ارشد شریف کو باچا خان ائیرپورٹ تک مکمل پروٹوکول دیا تھا۔