ارشد شریف کی والدہ کا چیف جسٹس پاکستان سے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ
اسلام آباد: ارشد شریف کی والدہ نے چیف جسٹس پاکستان سے ہائی پاور جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا،ارشد شریف کی والدہ نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کو خط لکھ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ میرے بیٹے کی شہادت کیخلاف حکومت کے ظالمانہ اقدام کا نوٹس لیا جائے،مجھے اور ارشد شریف کے یتیم بچوں کو انصاف دلائیں۔
ارشد شریف نے آپکو بھی خط لکھا تھا جس میں اس نے جان کو خطرے میں ہونے سے متعلق بتایا تھا۔ارشد شریف نے بتایا تھا کہ ملک میں اس پر متعدد جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ارشد شریف نے خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ اس کیخلاف بغاوت کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ ارشد شریف کی والدہ نے خط میں لکھا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ارشد شریف کو دبئی میں پناہ لینا پڑی تھی،ارشد شریف کے دبئی پہنچنے پر اطمینان تھا کہ وہ جھوٹے مقدمات سے محفوظ ہو گیا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حکومت نے دبئی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جس کی وجہ سے ارشد شریف کو وہاں سے جانا پڑا،ارشد شریف کو کہا گیا تھا کہ فوری دبئی چھوڑ دو ورنہ حکومت پاکستان کے حوالے کر دیا جائے گا۔دبئی چھوڑنے کے بعد ارشد شریف کینیا چلا گیا جہاں دو ماہ اسے قتل کر دیا گیا،حقیقی وجوہات چھپائی گئیں جنہیں منظر عام پر لانا ناگزیر ہے۔