مختلف موٹرویز پر رفتار کی حد تبدیل کر دی گئی
لاہور : مختلف موٹرویز پر رفتار کی حد تبدیل کر دی گئی، موٹرویز کے 4 مختلف سیکشنز پر اب چھوٹی گاڑیوں کو 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار اور بڑی گاڑیوں کو 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے موٹرویز پرحادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے موٹرویز کے مختلف حصوں پر رفتار کی حد تبدیل کر دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ لاہور۔ اسلام آباد موٹروے M-2 (ٹھوکر نیاز بیگ تا راوی ٹول پلازہ)پنڈی بھٹیاں۔ ملتان موٹروے M-4 (پنڈی بھٹیاں تا ملتان)لاہور۔ سیالکوٹ موٹروےM-11(لاہور تا سمبڑیال)ہکلا ڈیرہ اسماعیل خان موٹروےM-14(ہکلہ تا یارک) ایل ٹی وی گاڑیوں کیلئے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کرکے 100کلومیٹرفی گھنٹہ اور ایچ ٹی وی گاڑیوں کیلئے 110کلومیٹرفی گھنٹہ سےکم کرکے80 کلومیٹرفی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔
جبکہ ملک کے باقی تمام موٹرویز پرحدرفتاربدستورایل ٹی وی گاڑیوں کےلیے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ایچ ٹی وی گاڑیوں کے لیے 110 کلو میٹر فی گھنٹہ ہی رہے گی۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق حد رفتار میں کمی کا فیصلہ حادثات کے تجزیے اور ریسرچ کے بعد کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کو محفوظ بنانے کیلئے جاری کی گئی خصوصی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیور حضرات ٹریفک قوانین پر کاربند رہیں اور خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موٹروے پولیس کی طرف سے جاری کی گئی ہدایت پر عملدرآمد کریں۔