بھارت میں ڈیم ٹوٹنے سے 6 افراد ہلاک، 30 لاپتہ
ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ڈیم ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 30 لاپتہ ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں مون سون کی شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، ضلع رتنگری میں تیواری ڈیم ٹوٹنے کے باعث 6 افراد ہلاک اور 30 سے زائد لاپتہ ہو گئے۔
بھارتی ریسکیو ادارے این ڈی آر ایف کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے 2 ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں اور اب تک 3 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، امدادی کاموں کے لیے بھارتی ایئر فورس کا ہیلی کاپٹر اور بحریہ کے اہلکاروں کی مدد بھی طلب کی گئی ہے۔
گزشتہ روز بھی ممبئی میں بارشوں کی وجہ سے مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح شہر پونے میں بھی ایک دیوار گرنے سے 6 مزدور مارے گئے تھے۔ بارشوں نے ممبئی میں 10 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔