ملک کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری، سردی مزید بڑھ گئی
پشاور / اسلام آباد: پشاور سمیت پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا جب کہ سرد موسم ہونے سے شہریوں نے گرم کپڑے اور سوئیٹر نکال لیے۔
پشاور سمیت پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل چھائے رہے ، دوپہر کی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، سوات، خیبر اور دیگر علاقوں میں بارش سے درجہ حرارت گر گیا، آج بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
سوات، مینگورہ، کالام ، بحرین ،مالم جبہ ، وادی لیپہ، بالاکوٹ ، ڈڈیال، اسکردو ، نتھیاگلی ، چترال اور دیر بھر میں گزشتہ رات سے مسلسل بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہورہی ہے۔ لواری ٹنل ، کالاش کی وادیوں، مڈکلشٹ ،گرم چشمہ ، اپر چترال کے کھوت ،بروغل، یارخون ،تریچ سمیت کئی مقامات میں برفباری ہوئی اور تمام پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔
لاہور میں بھی ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، اسلام آباد، بالائی، وسطی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔