فیض آباد کے قریب پی ٹی آئی کے اسٹیج کی تیاریاں، پولیس نے کام بند کرا دیا
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 26 نومبر کے لیے کال دے رکھی ہے،انہوں نے کہا ہے کہ عوام 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔فیض آباد کے قریب پی ٹی آئی کے سٹیج کی تیاریاں کی جا رہی تھیں تاہم پولیس نے کام بند کرا دیا۔کام میں مصروف عملے سے شناختی کارڈ بھی چھین لیے گئے۔
عملے کی جانب سے پولیس سے پوچھا گیا کہ انہیں کیوں روکا جا رہا ہے۔پولیس نے عملے کو جواب دیا کہ اوپر سے حکم آیا ہے یہاں اسٹیج نہیں بننے دیا جائے گا۔پولیس نے کہا یہاں سیکیورٹی کے مسائل ہیں،فی الحال آپ یہاں کام روک دیں۔دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور جلسہ کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کر لیاہے جس کے تحت لانگ مارچ و جلسہ کے دوران ٹریفک پولیس کے 750سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک رواں رکھنے کیلئے اضافی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
ٹریفک پلان کے تحت لانگ مارچ و ریلیوں کی گزرگاہوں والے مقامات سے ٹریفک کو مرحلہ وار متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ڈائیورشن پوائنٹس سے متبادل راستوں پرٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کیلئے اضافی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو ٹریفک کو رواں رکھنے کے ساتھ شہریوں کو راستوں کے متعلق بھر پور آگاہی بھی فراہم کریں گے۔ چیف ٹریفک افسر راولپنڈی تیمور خان کے مطابق لانگ مارچ و جلسہ کے دوران شاہراہوں پر ٹریفک و رش کی صورت حال کے متعلق ایف ایم88.6اور سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے آفیشلز سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے شہریوں کو لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔