نواز شریف،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان رابطہ
اسلام آباد: نواز شریف،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان رابطہ ہوا ہے،تینوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف،سابق صدر آصف زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان رابطہ ہوا،ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تینوں رہنماؤں نے دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لانے کا فیصلہ کیا ہے،اس موقع پر پنجاب میں فوری کسی بھی مہم جوئی سے اجتناب کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
دوسری جانب حکومت نے پنجاب میں گورنر راج کے بجائے ان ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے،پی ڈی ایم جماعتیں پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن استعمال کریں گی۔
حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ان ہاؤس تبدیلی کیلئے تحریک عدم اعتماد نہ لائے جانے کا امکان ہے،پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن استعمال کیا جائے گا اور اس حوالے سے آصف زرداری کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی اور ق لیگ کا اتحاد اگر اعتماد کا ووٹ نہ لے سکا تو وزیر اعلٰی پنجاب کا انتخاب دوبارہ ہو گا جبکہ ق لیگ کے چھ ارکان کی چوہدری شجاعت کے کیمپ میں واپسی گیم چینجر بن سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ مارچ تک پنجاب اسمبلی نہیں توڑیں گے۔ عمران خان کو زبان دی ہوئی ہے،کچھ لکھ کر نہیں دیا،جب کہیں گے اسمبلیاں توڑ دیں گے4 ماہ تک کچھ نہیں ہونے والا۔