ایل او سی کے قریب چھمب سیکٹر میں دھماکا، پاک فوج کے 5 جوان شہید
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول سے چند کلومیٹر دور چھمب سیکٹر میں دھماکے سے پاک فوج کے 5 جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب چھمب سیکٹر میں دھماکے سے 5 جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔ دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دھماکا بھارتی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے۔ بھارت سیز فائر معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی زوہیب، سپاہی غلام قاسم اور نائیک شیر زمان شامل ہیں۔
دوسری طرف صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے چھمب برنالہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کے لیے پاک فوج کے جوانوں کی قربانی قابل تحسین ہے۔ بھمبر بم دھماکے میں ممکنہ طور پر دشمن ملک بھارت ملوث ہو سکتا ہے۔
سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارت سیز فائر لائن کے دونوں جانب کشمیری عوام کو نشانہ بنا رہا ہے۔ برنالہ واقعہ نے ثابت کیا ہے کہ بھارت خطہ میں امن کا سب سے بڑا دشمن ہے۔
وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے لائن آف کنٹرول کے قریب چھمب سیکٹر میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر دفاع نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور سکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔