ن لیگ نے بھی الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں
لاہور : مسلم لیگ ن نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں،پارٹی قائد نوازشریف نے پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے فہرستیں طلب کر لیں اور اس حوالے سے اہم اجلاس جمعے کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں سے عام انتخابات کی مہم شروع کرنے کی سفارشات بھی طلب کر لیں۔جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی ہیں،آئندہ عام انتخابات میں مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتارنے کیلئے عمران خان متحرک ہو گئے۔
سابق وزیرا عظم عمران خان نے لاہور کے ارکان اسمبلی،ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں کو آج طلب کر لیا ہے،عمران خان ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آئندہ عام انتخابات میں مضبوط امیدواروں کے ناموں پر غور ہو گا۔
عمران خان پارٹی عہدیداروں سے مضبوط امیدواروں کیلئے رائے طلب کریں گے۔ جبکہ عام انتخابات کیلئے پی ٹی آئی نے پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ کی تشکیل پر کام شروع کر دیا۔
پارلیمانی بورڈ کو وسطی،جنوبی اور اپر پنجاب میں تقسیم کیا گیا ہے،تینوں بورڈز کے اجلاسوں کی صدارت عمران خان خود کریں گے۔ بورڈز میں شاہ محمود قریشی،اسد عمر،تینوں ریجنز کے صدور اور سیکرٹریزبھی شامل ہوں گے۔ بورڈز کا اجلاس آئندہ ہفتے عمران خان کی قیادت میں زمان پارک میں مرحلہ وار ہو گا۔تمام ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف خود کریں گے،2018 کے الیکشن میں کامیاب ہونے والے ارکان کو ٹکٹوں کی تقسیم میں فوقیت دی جائے گی۔