برطانیہ میں مسلمان دکاندار کی رحم دلی، چور کو معاف کر دیا
لاہور : برطانیہ کے شہر یارکشائر میں مسلمان دکاندار نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چور کو معاف کر دیا۔
سوشل میڈیا پر پچھلے چند گھنٹوں سے ایک ویڈیو شئیر ہو رہی ہے جس میں ایک شخص کو موبائل فونز کی دکان سے فون چھین کر بھاگنے کی کوشش کرتے اور ناکام ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو برطانیہ کے علاقے یارکشائر کی ہے اور ویڈیو پر ٹائم سٹیمپ دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ یہ واقعہ 4 دسمبر کا ہے۔
اس ویڈیو کو شیئر کرنے والے افراد کو حیرت اس وقت ہوئی جب موبائل فون کی دکان کے مالک نے چور کو ناکام ہونے کے بعد بھی بغیر ڈانٹے یا مارے واپس جانے دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکان پر دو مسلمان افراد موجود ہیں اور اتنے میں ایک گاہک آتا ہے اور دکاندار کو فون دکھانے کو کہتا ہے۔
یہ گاہک دکاندار سے کچھ فون لے کر بھاگنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس کے آگے آٹو میٹک دروازہ آڑے آ جاتا ہے جو صرف دکاندار کے بٹن دبانے سے ہی کھل سکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دروازہ کھول کر بھاگنے میں ناکامی کے بعد یہ چور خفت کا شکار ہو کر واپس دکاندار کی طرف بڑھتا ہے اور انہیں موبائل فونز واپس کر دیتا ہے۔
اس کے بعد کچھ سیکنڈز دکاندار اور چور میں کچھ بات چیت بھی ہوئی لیکن ویڈیو میں آواز نہ ہونے کی وجہ سے یہ معلوم ہونا ممکن نہیں کہ وہ دونوں بات کیا کر رہے تھے اور کچھ دیر بعد ہی دکاندار دروازہ کھول دیتے ہیں اور چور باہر چلا جاتا ہے۔
انسٹاگرام پر ’دا فون مارکیٹ‘ کی طرف سے لکھا گیا کہ ’آپ میں سے بہت سے لوگوں نے آج ہمارے سٹور پر چوری کی کوشش کی ویڈیو دیکھی ہوگی۔ ہم چوری کو قابل قبول نہیں سمجھتے لیکن ہم اس فرد (چور) تک پہنچنا چاہیں گے۔‘