الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف 5 کیسز ڈی لسٹ کر دئیے
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سربراہ تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 5 کیسز ڈی لسٹ کر دئیے۔الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کے لیے عمران خان کے خلاف یہ کیسز ڈی لسٹ کیے۔الیکشن کمیشن کے مطابق کیسز بینچ کی عدم دستیابی کے باعث ڈی لسٹ کیے گئے۔ڈی لسٹ کیے گئے کیسز میں پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ، عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روکنے کا کیس، عمران خان کو پارٹی چئیرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق دو کیسز اور عمران خان کے انتخابی اخراجات جمع نہ کرانے سے متعلق کیس شامل ہے۔
ڈی لسٹ ہونے والے کیسز کی سماعت اب 20 دسمبر کو ہو گی۔ عمران خان کو پارٹی چیرمین شپ سے ہٹانے اورالیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے کے حوالے سے کیسز کی سماعت آج الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہونا تھی ،کمیشن کا 5 رکنی بنچ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ان کیسز کی سماعت کرنا تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی کاز لسٹ کے مطابق منگل کو کمیشن کے سامنے سماعت کیلئے 9کیسز رکھے گئے جن کا تعلق پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین سمیت دیگر قائدین سے ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو پارٹی آئین میں تبدیلی پر نوٹس جاری کر دیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے ترمیم شدہ پارٹی آئین طلب کر لیا، ترمیم شدہ آئین طلب کرنے کا فیصلہ عمران خان پارٹی صدارت سے متعلق ہونے والی مشاورت میں کیا گیا۔اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ تحریک انصاف نے پارٹی آئین میں ترمیم کے ذریعے جماعتی ڈھانچے میں تبدیلی کی ہے، ترمیم کے ذریعے پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کیلئے باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا گیا۔عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق الیکشن کمیشن 13 دسمبر کو سماعت کرے گا۔