وزیراعظم شہبازشریف کا عوام کو مہنگائی میں بڑا ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ
لاہور: وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کو بڑا ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعظم نے وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ مہنگائی میں کمی، بجلی اور گیس کے بلوں میں ریلیف دینے کا پیکج تیار کیا جائے، نوجوانوں کیلئے بھی خصوصی روزگار پیکج تیار کیا جائے۔ دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعظم نے مہنگائی کے پیش نظر خصوصی ریلیف پیکج تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے، سابق حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا ہم عوام کو ریلیف دیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے نوجوانوں کے لیے بھی خصوصی پیکج تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے، وزیراعظم نے روزگار فراہمی پیکج کی تیاری کیلئے وزارتوں کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے وزارتوں کو ہدایت کی کہ روزگار فراہمی پیکج کو ترجیح دی جائے۔ نوجوانوں کو انتہاپسندی اور مایوسی سے بچا کر مثبت سرگرمیوں کی جانب لے کر آنا ہے۔ وزیراعظم نے بجلی اور گیس کے بلوں میں بھی ریلیف دینے کی ہدایت کردی۔
معاشی مشکلات اپنی جگہ لیکن عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی ہے، پیٹرول کی قیمت میں 10روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے سات روپے کم کردی گئی ہے۔ جس کے باعث فی لٹر پیٹرول کی نئی قیمت 214روپے 80پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 227 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر مقرر ہوگئی۔