برطانوی وزیر اعظم کا تارکین وطن کے حوالے سے قانون میں تبدیلی کا اعلان
لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے برطانیہ میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والے تارکین وطن کے حوالے سے موجود قانون میں تبدیلی کا اعلان کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے تارکین وطن کے حوالے سے اپنا پالیسی بیان جاری کردیا جس میں انہوں نے تارکین کے حوالے سے قانون تبدیل کرنے کا کہا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران 5 نکاتی منصوبہ پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ اب بہت ہوگیا ہم مزید تارکین وطن کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے ، انہیں برطانیہ سے واپس جانا ہوگا۔رشی سنک نے پرانے قانون کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن کے حوالے سے پرانا قانون فرسودہ ہو چکا ہے اور اب اس میں چند اہم تبدیلیاں انتہائی ناگزیر ہیں جبکہ برطانیہ کی مخالف ریاستیں یورپی سرحدوں پر بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی سرحد عبور کرنے والے افراد کے برطانیہ میں قیام کے سدباب کیلئے حکومت ایک نیا قانون پاس کرے گی۔