2 بچوں تک خاندان محدود رکھنے والے جوڑوں کیلئے خوشخبری
لاہور : پنجاب حکومت نے 2 بچوں تک خاندان محدود رکھنے والے جوڑوں کو اچھی خبر سنادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 8 واں اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کابینہ نے محکمہ زکوۃ وعشر،سوشل ویلفیئر اور بیت المال کے انضمام کی بھی منظوری دی، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے، فیملی پلاننگ کو پنجاب احساس پروگرام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، 2 بچوں تک خاندان محدود رکھنے والے جوڑے کو گرانٹ ملے گی، ورلڈ بینک فیملی پلاننگ پروگرام کی کامیابی کے لئے 130 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں کابینہ نے پنجاب سوشل پروٹیکشن پالیسی 2022 کی بھی منظوری دی، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن پالیسی کے تحت عوام کی فلاح و بہبود کے پروگرام ایک ہی اتھارٹی کے تحت ہوں گے، معاشرے کے کمزور افراد کے سماجی تحفظ کے تمام پروگرامز ایک ہی اتھارٹی مانیٹر کرے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں پنجاب کابینہ نے ہیلتھ انشورنس پروگرام کی رقم ادا نہ کرنے پر وفاقی حکومت کے رویے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پنجاب کابینہ کا وفاقی حکومت سے واجب الادا رقم جلد ریلیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔