کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کی پاکستان میں تصدیق ہو گئی

کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کی پاکستان میں تصدیق ہو گئی

اسلام آباد : چین میں پائے جانے والے کورونا وائرس کے نئے ایکس بی بی ویرینٹ کی پاکستان میں تصدیق ہو گئی۔قومی ادارہ برائے صحت اور آغا خان یونیورسٹی کے ماہرین نے ایکس بی بی ویرینٹ کی تصدیق کی ہے۔این آئی ایچ اور آغا خان یونیورسٹی حکام کے مطابق جینوم سیکونسنگ سے ایکس بی بی ویرینٹ کی تصدیق کی گئی تاہم ابھی تک پاکستان میں بی ایف 7 ویرینٹ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے جو تیزی سے پھیلتا ہے۔

سابق وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق غالب امکان ہے کہ تیزی سے پھیلنے والا بی ایف 7 ویرینٹ بھی پاکستان پہنچ چکا ہے۔آغا خان یونیورسٹی کے ماہر ڈاکٹرفیصل محمود نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بھی 100 فیصد یقین ہے کہ دونوں ویرینٹس پاکستان آ چکے ہیں۔

ماہرین اور حکام کے مطابق پاکستان کو دونوں نئے ویرینٹس سے کوئی بڑا خطرہ نہیں، یہاں قوتِ مدافعت بہت بہتر ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 744 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔منگل کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ ( این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 744 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 15 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح اس مدت میں مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.40 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ25مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

ملک بھر میں مختلف شہروں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں سے اسلام آباد میں 478 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر مثبت کیسسز کی شرح 1.05 فیصد رہی،لاہور میں 368 ٹیسٹوں میں سے 2 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر مثبت کیسسز کی شرح 0.54 فیصد رہی جبکہ پشاور میں 368 ٹیسٹوں میں سے 2 ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ وہاں پر شرح 0.54فیصد رہی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے