تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا
اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو رہا کر دیا گیا،اعظم سواتی کو سی آئی اے سینٹر اسلام آباد نائن آفس سے رہا کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متنازع ٹویٹ کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ اعظم سواتی کو عدالتی حکم پر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سی آئی اے سینٹر نائن آفس سے رہا کیا گیا۔
رہائی کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اور کارکنوں نے اعظم سواتی کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے جس کی رسید لیکر وکلاء اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے اعظم سواتی کی رہائی کیلئے روبکار جاری کیا،وکلاء روبکار لیکر سی آئی اے سینٹر نائن آفس پہنچے جہاں سے اعظم سواتی کو رہا کیا گیا۔
اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں،عمران خان نے کہا فوج بھی میری اور ملک بھی میرا ہے۔ملک کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ عمران خان کا ساتھ دیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے متنازع ٹویٹ کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو رہا کرنے کا حکم دیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نےاعظم سواتی کی درخواستِ ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت منظور کی۔
اعظم سواتی کی ضمانت 2 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کی۔عدالت نے اعظم سواتی کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ 27 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو متنازع ٹویٹ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گرفتار کیا تھا، ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، اس سے قبل بھی انہیں 12 اکتوبر کو ادارے کیخلاف کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا،ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائھی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔