ملکی ایکسپورٹس میں تشویش ناک کمی
لاہور: ملکی ایکسپورٹس میں تشویش ناک کمی، دسمبر میں امپورٹس کے مقابلے میں ایکسپورٹس کا حجم 50 فیصد سے بھی کم رہا۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ملکی ایکسپورٹس اور امپورٹس کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2022 میں دسمبر 2021 کے مقابلے میں ایکسپورٹس کے حجم میں 16 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ۔
جبکہ جولائی سے دسمبر تک ایکسپورٹس میں5.79فیصد کمی ہوئی، اس دوران ایکسپورٹس 14ارب 24کروڑ ڈالرز تک رہیں۔ دسمبر2022میں ایکسپورٹس کا حجم2ارب30کروڑ ڈالرز رہا۔ نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ماہانہ بنیادوں پر ایکسپورٹس میں3.64فیصد کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2022 میں ایکسپورٹس کے مقابلے میں امپورٹس کا حجم 5 ارب 15 کروڑ ڈالرز سے زائد رہا، یعنی ایکسپورٹس کا حجم امپورٹس کے مقابلے میں 50 فیصد سے بھی کم رہا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبرتک امپورٹس 31ارب38کروڑڈالرز رہیں جبکہ گزشتہ6ماہ میں تجارتی خسارہ17ارب13کروڑ ڈالرز رہا۔ دوسری جانب ٹیکس وصولیوں کا ہدف بھی پورا نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ دسمبر 2022 کے اختتام پر ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ ایف بی آرکے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2022 کے دوران مجموعی طور پر 3428 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔
گزشتہ سال 2022 کے آخری ماہ اور رواں مالی سال کے چھٹے ماہ دسمبر 2022 کے دوران ایف بی آر 740ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرنے میں کامیاب رہا۔ بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے 2929 ارب روپے کے مقابلے میں رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 501 ارب روپے یعنی 17 فیصد زائد ٹیکس اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوا، تاہم پھر بھی ٹیکس وصولیوں کا مقرر کردہ ہدف حاصل نہ ہو سکا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رواں مالی سال کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر کے دوران مجموعی طور پر 217.58 ارب روپے جبکہ گذشتہ ماہ دسمبر کے دوران مجموعی طور پر 225ارب روپے سے زائد کے ریونیو شارٹ فال کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کیلئے مقررکردہ 3645.58 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کے ہدف سے217.58 ارب روپے کم اکٹھے کیے ہیں۔