"پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا میدان مار لیا”
کراچی :چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دعوی کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا میدان مار لیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا میدان مار لیا ہے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیر والا جف بھی لگایا۔
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں کہا گیا کہ جامشورو میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 15 نشستیں پی پی نے جیت لیں۔ واضح رہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدياتی اليکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ جبکہ حیدرآباد کی 129 یوسیز میں سے 14 کے مکمل غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آ گئے ہیں۔
کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ سست روی کا شکار ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حتمی نتائج مرتب کرنے میں 6 سے 7 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق کراچی میں گڈاپ ٹاؤن اور ملیرٹاؤن میں پیپلزپارٹی کو برتری حاصل ہے۔ حیدرآباد کی129یوسیز میں سے اب تک14 کے مکمل غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 12 نشستوں پر پیپلزپاٹی کے امیدوار آگے ہیں جبکہ ایک نشست پر تحریک انصاف اور ایک پر جماعت اسلامی کو سبقت حاصل ہے۔