پاکستان کا ای پاسپورٹ بنوانے کے لیے فیس شیڈول جاری
اسلام آباد: ملک بھر میں ای پاسپورٹس بنوانے والوں کے لیے فیس شیڈول جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری سے ای پاسپورٹس اجرا کے لیے فیس شیڈول کا اعلان کیا گیا، جس کے تحت 36 صفحات کے 5 سالہ ای پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس 9 ہزار اور ارجنٹ فیس 15ہزار ہوگی، 36 صفحات کے لیے 10سالہ پاسپورٹ کی نارمل فیس 13ہزار500 اور ارجنٹ 22 ہزار500 مقرر کی گئی ہے جب کہ 72 صفحات والے 5 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 16ہزار500 اور ارجنٹ 27 ہزار500 ہوگی، 72 صفحات والے 10سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 24 ہزار 750 اور ارجنٹ فیس 40 ہزار500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ فیس کی ادائیگی نیشنل بینک، موبائل ایپ ، موبی کیش اورایزی پیسہ سے بھی کی جاسکے گی، شہریوں کی جانب سے ای پاسپورٹس بنوانے کے لیے فیس شیڈول کا اطلاق ڈپلومیٹیک، آفیشل اورعام زمرے کے لیے کیا گیا ہے تاہم عام شہریوں کوای پاسپورٹ کا اجرا موجودہ پاسپورٹ کی مدت کے اختتام پر کیا جائے گا اور ابتدائی طور پرای پاسپورٹس اجرا کا آغاز صرف اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے جب کہ ملک کے باقی شہروں میں بتدریج ای پاسپورٹ اجرا کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔