دیربالا میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، 3 افراد زخمی
دیربالا: دیربالا میں سیلابی ریلے میں پانچ مکانات اور کئی گاڑیاں بہہ گئیں جب کہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
دیربالا کے علاقے کوہستان کمراٹ میں شدید طوفانی بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے کللکوٹ کے مقام پر دیربالا کمراٹ روڈ بند ہوگئی جس کے باعث کمراٹ جانے والے ہزاروں سیاح اور سینکڑوں گاڑیاں رات سے کللکوٹ کے مقام پرپھنس گئی ہیں۔
لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہونے کے باعث سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سیاحوں میں مرد، خواتین، بوڑھے اور بچے شامل ہیں، ضلعی و مقامی انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک بحال کرنے کے لیے تاحال کسی قسم کے اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب سیلابی ریلے میں 5 مکانات اور کئی گاڑیاں بہہ گئی، اس کے علاوہ سیلابی ریلے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جب کہ ایک درجن سے زائد مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ کر ہلاک ہوگئے۔